عوام مہنگائی کا انتقام عمران خان کو ووٹ دے کر لیں گے: شیخ رشید

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آنیوالے الیکشن میں لوگ حکمرانوں سے مہنگائی کا انتقام لیں گے اور عمران خان کو ووٹ ڈالیں گے۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن سے پوچھا گیا کیا کارکردگی دکھائی، الیکشن کمیشن نے ابھی تک پائلٹ پراجیکٹ بھی شروع نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑ چکی ، دو بڑوں کی میٹنگ الیکشن کرائےگی : شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ جو انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ فیصلے کی حکم عدولی کرے گا وہ کٹہرے میں کھڑا ہوگا، الیکشن ہو کر رہیں گے ، کوئی طاقت ان الیکشن کو نہیں روک سکتی۔

سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن ہونے جا رہے ہیں، مہنگائی کے طوفان کا انتقام عوام ووٹ سے لیں گے اور عمران خان کی حمایت کریں گے۔

اس موقع پر رہنما تحریک انصاف اور سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اوورسیز ووٹرز اس بات پر سخت ناراض ہیں کہ ووٹ کا حق ان سے کیوں چھینا گیا ہے، پی ٹی آئی کی جنگ یہی ہے ہم لوگوں کو حقوق دلوائیں، ہم چاہتے ہیں اوورسیز کو ووٹ کا حق دیا جائے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں