آشیانہ ریفرنس: وزیراعظم شہباز شریف کیخلاف نیب کے گواہ کا بیان قلمبند

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت میں آشیانہ ریفرنس میں وزیراعظم میاں شہباز شریف کیخلاف نیب کے گواہ کا بیان قلمبند کر لیا گیا۔

احتساب عدالت لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر کیخلاف آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت ہوئی،نیب کے گواہان امتیاز احمد، عبدالرﺅف مغل اور سعد محمود عدالت میں پیش ہوئے، وزیراعظم کے پلیڈر انوار حسین حاضری کیلئے پیش ہوئے۔

نیب کے گواہ سابق ایم پی اے عبدالرؤف مغل نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ میں صوبائی اسمبلی پنجاب کا رکن تھا، حکومت پنجاب کا بورڈ آف ڈائریکٹر پی ایل ڈی سی کا ممبر منتخب ہوا تھا، میں اس وقت مختلف میٹنگز میں شامل ہوتا رہا۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ ایل ڈی اے اور پی ایل ڈی سی میں معاہدہ ہوا، جو بھی چیزیں وہاں اجلاس میں ہوئیں وہ ریکارڈ میں آ چکی ہیں، 4 اپریل کو میں نے اس کیس کی تفتیش جوائن کی اور بیان دیا۔

عدالت نے نیب کے گواہوں کے بیانات پر جرح کے لیے کارروائی 11 مارچ تک ملتوی کر دی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں