وزیر اعظم شہباز شریف کی امیر قطر سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

دوحہ: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے دوحہ پہنچنے کے بعد امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر اعظم اور شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان دو طرفہ باہمی مفاد کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس کے علاوہ پاکستان اور قطر کے درمیان معاشی اور سرمایہ کاری سمیت تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر بات چیت بھی کی گئی۔

امیر قطر نے قطر کی ترقی میں پاکستانی محنت کشوں کی کاوشوں کو سراہا اور فیفا ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد کے موقع پر پاکستانی سکیورٹی حکام کی شاندار کارکردگی کو سراہا، وزیراعظم نے بھی پاکستان کی ترقی کے منصوبوں میں قطر کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف دوروزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے

ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے وسیع مواقعوں کو اجاگر کیا، سرمایہ کاری، تجارتی اور پاکستان سے ہنر مند افراد کی قطر برآمد کے طریقوں اور ذرائع بڑھانے پر بات چیت بھی کی گئی۔

امیر قطر نے وزیراعظم شہباز شریف کو قطر آمد پر خوش آمدید کہا، امیر قطر نے پاکستان اور قطر کے درمیان معاشی تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، وزیراعظم نے امیر قطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں