وفاقی کابینہ نے نیشنل کلین ائیر پالیسی کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کے زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے نیشنل کلین ائیر پالیسی کی منظوری دے دی۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے نیشنل کلین ائیر پالیسی پر بریفنگ دی گئی، 2021ء میں پاکستان کا شمار دنیا کے 3 آلودہ ترین ممالک میں تھا، کراچی، لاہور کا شمار دنیا کے انتہائی آلودہ ترین شہروں میں ہوتا ہے۔

بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیا کہ فضائی آلودگی پاکستان میں بڑا مسئلہ بن چکا ہے، 2019ء میں فضائی آلودگی سے 2 لاکھ 35 ہزار اموات رپورٹ ہوئیں، فضائی آلودگی نے پاکستان میں زندگی کا دورانیہ کم کر دیا ہے اور موسم سرما میں سموگ کا مسئلہ خطرناک بن جاتا ہے۔

شرکا کو مزید بتایا گیا کہ نیشنل کلین ائیر پالیسی ملک میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے اقدامات میں معاون ثابت ہو گی، نیشنل کلین ائیر پالیسی کے تحت نیشنل ایکشن کمیٹی تشکیل دی جائے گی، نیشنل ایکشن کمیٹی کو ایک ٹیکنیکل کمیٹی معاونت فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے بتایا کہ پالیسی کا مقصد شہریوں کو سانس لینے کے لئے صاف فضا کی فراہمی ہے، نیشنل کلین ائیر پالیسی پر تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں