وفاقی کابینہ نے کلین ایئر، حج پالیسی، نیشنل اکاؤنٹبیلٹی ترمیمی آرڈیننس منظور کر لیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی 2023ء سمیت متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش پر نیشنل اکاؤنٹیبلٹی ترمیمی آرڈیننس 2023ء اور قومی کلین ایئر پالیسی کی منظوری بھی دی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے گلگت بلتستان حکومت کی مدد کی درخواست تسلیم کرلی

شہباز شریف نے کہا کہ حج کے دوران عازمین کو سہولتوں سے متعلق سعودی حکام سے حکمت عملی جلد مرتب کی جائے، قومی کلین ایئر پالیسی کی تشکیل سے متعلق وزارت ماحولیاتی تبدیلی کا کردار قابل ستائش ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کلین ایئر پالیسی پر عمل درآمد کے لئے مزید بہتری کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز دور کے 10 ماہ کے دوران قرضوں میں 27.7 فیصد اضافہ

اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ برسوں میں فضائی آلودگی میں بہت زیادہ اضافہ ہوا، ایئر کوالٹی انڈیکس رپورٹ کے مطابق کراچی اور لاہور بہت زیادہ آلودہ شہر ہیں، فضائی آلودگی کی وجہ سے انسانی عمر کی اوسط حد میں 2.7 برس کی کمی واقع ہوئی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی معیشت کو فضائی آلودگی کی وجہ سے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، حالیہ برسوں میں سموگ سے حادثات اور مختلف بیماریوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معیشت تباہ کرنیوالا آج اس کی بحالی روکنے کی سازشیں کررہا ہے: وزیراعظم

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی نے شہریوں کی صحت، زراعت اور شہری علاقوں میں ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جامع حکمت عملی بنائی ہے، پالیسی کے مطابق ایندھن کے معیار کو یورو 5 سے یورو 6 تک ترقی دی جائے گی۔

اعلامیہ کے مطابق پالیسی کے اطلاق سے آئندہ 10 برسوں میں زہریلی گیسوں کے اخراج میں اوسطاً 40 فیصد کمی آئے گی، پالیسی کے موثر اور یقینی اطلاق کے لیے ایک نیشنل ایکشن کمیٹی اور ایک ٹیکنیکل کمیٹی بنائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان پیکج: وزیراعظم کا غریب گھرانوں کو مفت آٹا فراہمی کا اعلان

وفاقی کابینہ کو پاور ڈویژن کی جانب سے توانائی بچت کے حوالے سے حکمتِ عملی پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں