وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں صوبوں کو منتقلی کیلئے کمیٹی قائم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کے دائرہ اختیار میں منتقل کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

وزیرِ اعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کو منتقل کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی، کمیٹی صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ٹرمز آف ریفرنس اور معینہ مدت کا تعین کرے گی، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کمیٹی کو جلد لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کر دی۔

اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بجلی چوری، عدم وصولیوں اور لائن لاسز کے نتیجے میں خسارے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں وفاق اور صوبوں میں بلوں کی وصولی کیلئے موجود انتظامی ڈھانچے کا موازنہ پیش کیا گیا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا نظام صوبوں کے حوالے کرنا آئینی اقدام ہے، اس سے بلوں کی وصولی اور چوری کی روک تھام میں خاطر خواہ کمی واقع ہو گی، تقسیم کار کمپنیوں کے نظام کی منتقلی کیلئے سب سے پہلے حکومتِ سندھ نے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا تھا۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کی چوری روکنے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے کو کم کرنے کی حکمتِ عملی مرتب کر لی ہے، ملک میں بجلی چوری کرنے والے عناصر کا مؤثر سد باب کریں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ وفاق صوبوں کی استعداد بڑھانے کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا، صوبوں کے پاس بجلی کے بلوں کی وصولیوں کیلئے بہتر انتظامی ڈھانچہ موجود ہے، وصولیوں کیلئے بہتر انتظامی ڈھانچہ بجلی کے گردشی قرضے کو ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں