ایٹمی اور میزائل پروگرام مکمل محفوظ ہونے کا بیان انتہائی خوش آئند ہے: شیح رشید

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایٹمی اور میزائل پروگرام مکمل محفوظ اور دباؤ سے پاک ہونے کا بیان انتہائی خوش آئند ہے، قوم جان دے سکتی ہے، اثاثوں پر سمجھوتا نہیں کرسکتی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ لاہور میں سیاسی ماحول بہت کشیدہ ہے جس سے پورا صوبہ متاثر ہے، چوروں اور چوکیداروں میں کبھی صلح نہیں ہوسکتی، آئین کے مطابق 90 دن میں الیکشن کروانے کا حکم سب کیلئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوست ممالک موجودہ حکومت کو سمجھتے ہیں اس لیے 6 ارب ڈالر کی یقین دہانی نہیں کرا رہے اور آئی ایم ایف سٹاف لیول معاہدہ نہیں کر رہا، حکمران بجلی، پٹرول، گیس کے نرخ بڑھا رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے میری ضمانتیں منسوخ کرنے کے لیے کل اپیل دائر کی ہوئی ہے، اگر میری ضمانتیں منسوخ ہوگئیں تو دھوم دھام سے سسرال جاؤں گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں