نیب نے عمران خان کیخلاف کیسز کا ریکارڈ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروا دیا

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر نیب نے لاہور ہائیکورٹ میں جواب جمع کروا دیا۔

نیب کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف نیب میں دو کیسز ہیں ، دونوں کیسز پر نیب راولپنڈی تحقیقات کر رہا ہے، عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کے تحائف اور اختیارات سے تجاوز کے معاملے کی انکوائری جاری ہے، اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے مالی فوائد لینے اور ریکارڈ چھپانے کے معاملے پر بھی انکوائری جاری ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف دونوں کیسز انکوائری سٹیج پر ہیں، کال آپ نوٹسز جاری کیے گئے، نیب راولپنڈی کے علاوہ پاکستان میں کہیں بھی عمران خان کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے۔

نیب نے لاہور ہائیکورٹ سے سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست نمٹانے کی استدعا کر دی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں