بھارت نے سب سے زیادہ جوڑوں کی اجتماعی شادی کا ریکارڈ قائم کر لیا

راجستھان: (ویب ڈیسک) بھارت میں سب سے زیادہ جوڑوں کی اجتماعی شادی کا ریکارڈ قائم ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع باران میں اجتماعی شادیوں کی تقریب منقعد ہوئی جس میں 2 ہزار 143 پسماندہ جوڑوں کی شادی کرائی گئی۔

مقامی ٹرسٹ کی جانب سے جوڑوں کی اجتماعی شادی کا انتظام کیا گیا جس میں مسلمان اور ہندو جوڑے شامل تھے، اجتماعی شادی کی یہ تقریب تقریباً 6 گھنٹے تک چلی جس میں 2 ہزار 143 جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔

اس اجتماعی شادی کی تقریب نے ایک دن میں سب سے زیادہ جوڑوں کی شادی کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اور کئی عہدیداروں کی جانب سے ہر جوڑے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

اس کے علاوہ ٹرسٹ کی جانب سے ہر نو بیاہتا جوڑے کو زیورات، برتن، ٹیلی ویژن، ریفری جریٹر سمیت کئی تحائف دیئے گئے، حکام نے بتایا کہ اس تقریب کا مقصد پسماندہ جوڑوں کو شادی کرنے میں مدد کرنا تھا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں