لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، سب سے زیادہ 291 ملی میٹر ریکارڈ

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، لکشمی چوک میں سب سے زیادہ 291 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

 لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں گزشتہ رات شروع ہونے والی بارش کا سلسلسہ وقفے وقفے سے ابھی بھی جاری ہے، جس سے جل تھل ایک ہو گیا اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

مون سون کا طاقتور سپیل، لاہور میں کئی گھنٹوں کی نان سٹاپ طوفانی بارش نے 30 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، سڑکیں تالاب بن گئیں، نشیبی علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں ڈوب گئیں، شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ پنجاب کے دیگر کئی شہروں میں بھی بادل جم کر برسے ہیں۔

لاہور میں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی، مذکورہ علاقے میں 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ صوبائی دارالحکومت کے بیشتر علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی ہے۔

دوسری جانب لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر جانے کی اطلاعات سامنے آئیں، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابی کی وجہ سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ادھر شرقپور شریف میں بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، چونیا‌ں شہر اور اس کے مضافات میں موسلا دھار بارش ہوئی، جبکہ شیخوپورہ شہر اور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔

دارالحکومت مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں مون سون کی گزشتہ شام اور رات کے وقت ہونے والی بارش نے جل تھل ایک کردیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں