مختلف حادثات میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق، 5 شدید زخمی

قصور: (دنیا نیوز) قصور، علی پور چٹھہ اور بہاولنگر میں مختلف حادثات میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قصور کے علاقے الٰہ آباد میں دیپالپور روڈ پر تیز رفتار ٹرک نے موٹرسائیکل سوار 2 بھائیوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ایک موقع پر دم توڑ گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا، مرنے والے بچے کی شناخت احمد جبکہ زخمی کی کبیر کے ناموں سے ہوئی۔

حادثے کے بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے، لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں کبیر کو طبی امداد دی جا رہی ہے، عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا، پولیس نے جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کے بعد قانونی کارروائی شروع کر دی۔

دوسری جانب بہاولنگر میں منچن آباد روڈ پر بھی ٹریفک حادثے میں باپ جان کی بازی ہار گیا جبکہ بیٹا شدید زخمی ہوا ہے، مرنے والے شخص کی شناخت محمد صدیق کے نام سے ہوئی، ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا۔

ادھر علی پور چٹھہ میں کرنٹ لگنے سے ایک محنت کش جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ابرار کے نام سے ہوئی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں