چیئرمین سینیٹ کی جانب سے ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے کا انعام

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ملک کا نام روشن کرنے پر قومی جیولن ہیرو ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے انعام کا چیک دے دیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے قومی جیولن ہیرو ارشد ندیم نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے ارشد ندیم کو ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیتنے پر مبارک باد دی۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز اور حالیہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی، ارشد ندیم نے اپنی بے مثال کارکردگی کی بدولت پاکستان کا نام روشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ جیسے لوگ پاکستان کا فخر ہیں، اپنی محنت جاری رکھیں اور پاکستان کا نام مزید روشن کریں، ہم آپ کی معاونت کیلئے تیار ہیں، کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹیلنٹ کو نکھارنے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے ارشد ندیم کو برینڈ ایمبیسڈر بنانے اور ان کی سپانسرشپ کیلئے نجی شعبے سے بات کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے موجودہ مقام تک پہنچنے کیلئے اپنی جدوجہد کے بارے میں چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا، ملاقات میں سینیٹراعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں