کسی گروہ یا فرد کو ریاست کی رٹ چیلنج کرنے نہیں دینگے، کور کمانڈر پشاور

پشاور: (دنیا نیوز) کور کمانڈر پشاور نے کہا کسی بھی گروہ یا فرد کو امن و امان، سماجی و اقتصادی سرگرمیوں میں خل ڈالنے اور ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈر پشاور نے چترال کا دورہ کیا، ضلعی انتظامیہ، شہریوں اور شہداء کی فیملیز سے ملاقات کی، دورہ کے دوران کور کمانڈر نے ضلعی انتظامیہ کے عہدداران اور عام شہریوں سے بھی ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر پشاور کو چترال میں سکیورٹی کی صورتحال اور امن کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا، ملاقات میں شرکاء کو بتایا گیا کہ امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، کور کمانڈر پشاور نے کہا کسی بھی گروہ یا فرد کو علاقے میں امن، سماجی و اقتصادی سرگرمیوں میں خلل ڈالنے نہیں دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک، 5 گرفتار

کورکمانڈر پشاور نے مزید کہا ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، چترال کے لوگوں کے تعاون سے دہشتگردوں کے حملے ناکام بنا رہے ہیں، دہشت گردوں کے پراپیگنڈا کو بھی ناکام بنایا جس کے لئے سب خراج تحسین کے مستحق ہیں، چترال میں عدم استحکام اور افراتفری پھیلانے کے خواہشمند عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا چترال کے لوگ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ امن کو یقینی بنائے گی، قدرتی حسن سے مالامال چترال کی سرزمین میں مکمل امن ہے، سیاح افواہوں پر یقین نہ کریں اور چترال آئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر پشاور سے ملاقات میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ، کمشنر مالاکنڈ اور ڈی پی او چترال بھی موجود تھے، کور کمانڈر پشاور نے شہداء کی فیملیز سے بھی ملاقات کی اور ان کے صبر اور جذبہ کو سراہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں