پنجاب : دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کے واقعات میں 3افراد قتل

لاہور: (دنیانیوز) پنجاب کے شہر خانیوال اور احمد پور شرقیہ میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ ایک زخمی ہے ۔

خانیوال میں پل گھڑات پر کار پر فائرنگ سے دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا ، جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

ریسکیو کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کی وجہ سے پیش آیا ، ریسکیواہلکاروں نے زخمی کوڈسٹرکٹ ہسپتال خانیوال منتقل کردیا ہے ۔

فائرنگ کا ایک اور واقعہ بہاولپور کی تحصیل احمدپورشرقیہ میں پیش آیا جہاں دیرینہ رنجش پر دو گروپوں کے درمیان تصادم میں زخمی ہونے والا شخص ہسپتال میں دم توڑ گیا ۔

پولیس کے مطابق افسوس ناک واقعہ تھانہ ڈیرہ نواب صاحب کی حدود میں پیش آیا ، زخمی کی شناخت خدا بخش کے نام سے ہوئی جس کو شدید زخمی حالت میں بہاول پور ریفر کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

  دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خانیوال میں فائرنگ سے ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی اوملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے ، آئی جی پنجاب نے ڈی پی او خانیوال کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دینے کا بھی حکم دیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں