بھارتی ریاست سکم میں شدید بارشوں سے سیلاب ، 23 بھارتی فوجی لاپتہ

نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست سکم میں شدید بارشوں سے آنیوالے سیلاب میں 23 بھارتی فوجی لاپتہ ہوگئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی فوج نے بتایا ہے کہ چین کی سرحد سے متصل شمال مشرقی ریاست سکم کی لوناک جھیل میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث دریائے ٹیسٹا میں سیلاب آگیا ۔

سیلاب کے نتیجے میں 23 فوجی لاپتہ ہو گئے اور متعدد گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ لاپتہ فوجی اہلکاروں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشنز جاری ہے ۔

بھارتی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک بڑا ریلا ایک گھنی جنگلی وادی میں بہہ رہا ہے، سڑکیں زیرِ آب آچکی ہیں اور بجلی کی لائنیں ٹوٹ گئی ہیں۔

مون سون کے موسم میں اچانک سیلاب کی آمد عام ہے، مون سون جون میں شروع ہوتا ہے اور عام طور پر ستمبر کے آخر تک پاکستان اور بھارت کی حدود سے نکل جاتا ہے، اکتوبر تک مون سون کی شدید بارشیں عام طور پر ختم ہو جاتی ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی ان بارشوں کے تسلسل اور شدت میں اضافہ کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ  یہ علاقہ نیپال کے ساتھ بھارت کی سرحد کے نزدیک واقع ہے، لوناک جھیل برفانی چوٹیوں میں ایک گلیشیر کے نیچے بہتی ہے جو دنیا کے تیسرے سب سے اونچے پہاڑ کنگچنجنگا کے اطراف میں واقع ہے، بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ دریا پہلے ہی معمول سے 4.5 میٹر (15 فٹ) بلند سطح پر بہہ رہا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں