انتخابات میں ووٹ مانگنے جانیوالوں کو لگ پتا جائے گا: شیخ رشید

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انتخابات میں میرے سمیت جو بھی عوام سے ووٹ مانگنے جائے گا اس کو لگ پتا جائے گا۔

ڈسٹرکٹ کورٹ راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہہ دیا ہے کہ الیکشن ہونے جارہے ہیں، میری کیا اوقات میں الیکشن کے بارے میں کچھ کہہ دوں، عوام میں جذبہ نہیں ہے، بھوک، ننگ اور مہنگائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں نے گھروں کے باہر بجلی بل لٹکائے ہوئے ہیں، عوام نے آٹے کا تھیلا اور بچوں کی فیس بھی گھر کے باہر لٹکائی ہوئی ہے، غریبوں کے حالات زندگی ان کے بس سے باہر ہوگئے ہیں، میں سکول دور سے الیکشن لڑتا آرہا ہوں، الیکشن میں جو جذبہ ہوتا ہے وہ عوام میں نہیں ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ میں 10 تاریخ سے الیکشن مہم شروع کررہا ہوں، میرا اتحاد اللہ کے ساتھ ہے، اللہ مجھے دونوں سیٹیں جتوائے گا، قلم دوات سے راولپنڈی کی دونوں سیٹیں نکلیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اچھی خبر یہ ہے آج میری آبپارہ میں بھی ضمانت کنفرم ہو گئی ہے، 30 تاریخ کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں پتا چلے گا کتنے کیسز ہیں، مجھ پر ٹوٹل 68 کیسز بنے ہیں، اللہ مجھے کامیابی دے گا، مجھ پر بنے تمام کیسز جھوٹ پر مبنی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں