حکومت کا سموگ کے حوالے سے پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ، تعلیمی ادارے کل کھلیں گے
لاہور: (دنیا نیوز) سموگ کی صورتحال بہتر ہونے پر پنجاب حکومت نے سموگ کے حوالے سے پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا اجلاس ہوا جس میں سموگ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا، ماہرین ماحولیات اور صحت نے سموگ میں کمی اور سموگ کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے تجاویز پیش کیں۔
— Minister Information Punjab (@MinisterInfoPb) December 1, 2023
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ سموگ کے حوالے سے پابندیوں کو ختم کیا جا رہا ہے، ادارے، مارکیٹیں، بازار،ریسٹورنٹس اور بزنس ہاؤسز کل اور پرسوں معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، 18 دسمبر سے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی جبکہ 2 دسمبر کو تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔
پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ، نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ پنجاب میں نجی و سرکاری سکول موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد 2 جنوری کو دوبارہ کھلیں گے۔
محسن نقوی نے سڑکوں کی صفائی اور پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بدستور جاری رکھنے کی ہدایت کی جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں: انجمن تاجران کا پنجاب میں سموگ پابندیاں ختم کرنے کا خیر مقدم
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے، سموگ میں کمی کے لئے جو کچھ انسانی بس میں ہے وہ اقدام اٹھارہے ہیں، پوری کوشش ہے کہ ایئرکوالٹی انڈیکس کم سے کم رہے۔
اجلاس میں صوبائی وزراء، ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، منصور قادر،عامر میر، اظفر علی ناصر، ابراہیم حسن مراد،بلال افضل نے شرکت کی۔
چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،انسپکٹر جنرل پولیس عثمان انور، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔