نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے تھانہ ہنجروال کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تھانہ ہنجر وال کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے تھانہ ہنجر وال کی نئی عمارت کا افتتاح کیا، تھانے کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، فرنٹ ڈیسک کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے ٹوکن مشین سے ٹوکن لیا اور سائلین کے لئے ٹوکن سسٹم لگانے کی تعریف کی۔

اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے تھانہ ہنجروال کی تعمیر اور سائلین کیلئے فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ویٹنگ روم، ایس ایچ او روم، آئی ٹی روم اور میٹنگ روم کا معائنہ کیا اور دروازوں کی کوالٹی بہتر بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے حوالات میں بند ملزمان سے ان کے کیسز کے بارے پوچھا اور سائلین کے لئے بہترین سہولتوں کی فراہمی کے اقدام کو سراہا۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل پولیس، سی سی پی اولاہور، ڈی آئی جی آپریشنز اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔

صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ میاں شکیل احمد، سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈپٹی کمشنر، سی ٹی او اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھانہ ہنجروال کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کلچر کو بہتر بنائے بغیر جرائم پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن میں 24 ہزار لائسنس بن رہے ہیں، والدین سوچ لیں کہ بچوں کا ڈرائیونگ لائسنس بنوانا ہے یا انہیں حوالات میں بند کروانا ہے۔

محسن نقوی کا مزیدکہنا تھا کہ لاہور میں 22 جبکہ دیگر شہروں میں 18 نئے تھانے بنا رہے ہیں تاکہ جرم کی شرح میں کمی آئے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں