پنجاب حکومت کا لرنر ڈرائیونگ لائسنس کی فیس ایک ہزار روپے کرنے کا فیصلہ
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے لرنر لائسنس کی فیس 60 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں صوبائی کابینہ کا 33 واں ا جلاس ہوا، پنجاب کابینہ نے ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔
ڈرائیونگ لائسنس کی فیس میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری سے ہو گا، یکم جنوری سے قبل ڈرائیونگ لائسنس موجودہ شرح فیس سے ہی بنائے جائیں گے، یکم جنوری سے لرنر لائسنس کی فیس 60 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دی جائے گی۔
فیصلے کے مطابق ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی، پی ایس وی لائسنس فیس کی شرح میں بھی اضافہ ہو گا جبکہ امریکہ، کینیڈا اور دیگر ممالک کے شہری آن لائن 100 ڈالر ادا کر کے لائسنس بنوا سکیں گے۔
کابینہ اجلاس نے سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے طلبا وطالبات کے لئے ٹرانسفر پالیسی کی منظوری بھی دے دی، طلبہ صرف ہائی گریڈ میرٹ سے لو گریڈ میرٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں ٹرانسفر ہوسکیں گے۔
پنجاب کابینہ نے چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کو سرکاری اراضی الاٹ کرنے کے لئے شفاف قرعہ اندازی کی منظوری دے دی، چولستان میں 3 لاکھ 44 ہزار ایکڑ اراضی بے زمین کاشتکاروں کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہر کاشتکار کو ساڑھے 12 ایکڑ زمین خصوصی امدادی نرخوں پر دی جائے گی۔
صوبائی کابینہ نے جیلوں کے ہسپتالوں کا انتظام محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کے سپرد اور قیدیوں کے لئے ہیلتھ کیئر مینجمنٹ سسٹم کی منظوری دے دی، پنجاب میں نرسنگ کی طالبات کی تعداد دگنی کرنے کے لئے فنڈز کے اجراء اور انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لاہور کے لئے انتظامی کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں ملتان اور بہاولپور کے ریجنل بلڈ سنٹرز کی مینجمنٹ و آپریشن کے لئے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور رجب طیب اردوان ہیلتھ ٹرسٹ کے درمیان معاہدے کی تجدید کا پلان بھی منظور کر لیا گیا۔
حکومت نے پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹیٹیوشن ایکٹ 2003 کے تحت چلڈرن ہسپتال فیصل آباد کو اپ گریڈ کر کے میڈیکل انسٹیٹیوٹ کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ملتان انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزز میں جنوبی پنجاب کے لئے پی کے ایل آئی ٹو قائم ہو گا۔
نگران صوبائی کابینہ نے لاہور اور بہاولپور کی یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز کے وائس چانسلرز کی سلیکشن کے لئے سرچ کمیٹی کے قیام اور پبلک پراسیکیوٹر ڈیپارٹمنٹ کے پراسیکیوٹرز کی ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر تعیناتی کے لئے پالیسی فریم ورک کی بھی منظوری دیدی۔
اجلاس میں پنجاب وائلڈ لائف رولز 1974ء کے تحت شوٹنگ لائسنس اور فیس پر نظر ثانی اور گوجر خان میں یونیورسٹی آف پنجاب کے پوٹھوہار کیمپس کے قیام، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ساتھ موٹروہیکلز رجسٹریشن کی معلومات کے تبادلے کے معاہدے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔