فلسطینیوں کا قتل، مظلوموں پر ’’میڈ ان انڈیا‘‘ اسلحہ استعمال کیا جارہا ہے: مشتاق احمد

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ فلسطین میں 268 دنوں سے انسانوں کا قتل عام جاری ہے، 130اجتماعی قبروں میں ہاتھوں پر کینولا لگی لاشیں نکلیں۔

سابق سینیٹر مشتاق احمد نے سیو غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کا مسجد اقصیٰ، غزہ اور فلسطین کیلئے ریلی کا انعقاد جرات کا کام ہے۔

مشتاق احمد نے کہا کہ فلسطینیوں کا جرم صرف ’’القدس ہمارا ہے‘‘ کا نعرہ لگانا ہے، اسرائیل کو 70 فیصد اسلحہ کی فراہمی امریکہ اور یورپ سے ہو رہی ہے، فلسطینیوں پر جو اسلحہ بارود استعمال ہو رہا ہے اس پر ’’میڈ ان انڈیا‘‘ بھی لکھا ہوا ہے۔

سابق سینیٹر کا مزید کہنا تھا کہ مسلمان حکمرانوں کی بزدلی کی وجہ سے اسرائیل کو ہمت ہوئی، ہمیں اجازت دیں ہم بحری جہاز پر ناکہ بندی توڑ کر امداد غزہ لے کر جائیں گے، سب لوگ اپنے گھروں کی دیواروں پر فلسطین کے جھنڈے لہرائیں۔

سابق سینیٹر مشتاق احمد نے ریلی کے شرکاء سے حلف بھی لیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں