مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اجلاس آج پھر ہو گا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دینے کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا مشاورتی اجلاس آج دوبارہ ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے آج ہونے والے اجلاس میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جائے گا، اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی مخصوص نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد سے متعلق پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

لاء ونگ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ فیصلے کیخلاف نظرثانی کا حق رکھتا ہے، فیصلے میں دو حلف ناموں سے متعلق ابہام موجود ہے، پی ٹی آئی کا تنظیمی ڈھانچہ نہیں ہے، تنظیمی ڈھانچہ نہ ہونے سے ابہام ہے مخصوص لسٹیں کس کی منظور کی جائیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے فیصلے میں قومی اسمبلی، کے پی، پنجاب اور سندھ اسمبلیوں میں مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دے رکھا ہے، الیکشن کمیشن کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں عدالت عظمیٰ کے احکامات پر حتمی فیصلہ نہ ہو سکا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں