قاتلانہ حملے کے دوران ٹرمپ کے کان پر گولی لگی : ایف بی آئی کی تصدیق

نیویارک : (ویب ڈیسک ) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے تقریباً دو ہفتوں بعد امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی نےان کے کان پر گولی لگنے کی تصدیق کر دی ہے۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی نے بیان میں کہا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کان پر جو چیز لگی تھی وہ گولی تھی، چاہے مکمل (گولی لگی) ہو یا پھر اس کے ٹکڑے، لیکن حملہ آور کی رائفل سے چلائی گئی تھی۔

یہ بیان ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے جنہیں ٹرمپ نے 2017 میں اس عہدے کے لیے نامزد کیا تھا، کے ایوان نمائندگان میں پیش ہونے کے دو دن بعد سامنے آیا ہے۔

انہوں نے ایوان کو بتایا کہ اس بارے میں کچھ سوالات ہیں کہ یہ گولی تھی بھی یا نہیں جو ان کے کان پر لگی۔

یہ بھی پڑھیں:کملا ہیرس کا اسرائیل سے متعلق بیان توہین آمیز ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

ڈائریکٹر کرسٹوفر رے کے تبصرے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے اتحادیوں نے سخت تنقید کی تھی۔

ان کے تبصرے سے سازشی نظریوں کو مزید تقویت ملی تھی، جو 13 جولائی کو سابق امریکی صدر پر قاتلانہ حملے کے بعد معلومات کی کمی کی وجہ سے امریکی سیاست میں پروان چڑھے تھے۔ 

واضح رہے کہ کچھ روز قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے تھے  تاہم ٹرمپ کے محافظوں نے حملہ آور کو ہلا ک کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں