وفاقی کابینہ کی اسماعیل ہانیہ کے قتل کی مذمت، فلسطین سے بھرپور یکجہتی کا اظہار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطین سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم امور زیر غور آئے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ واشگاف الفاظ میں اظہار یکجہتی کیا، اجلاس میں 10 نکات پر مشتمل ایجنڈا جزوی طور پر منظور کر لیا گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں:تہران میں اسماعیل ہانیہ کی شہادت سفاکی کا بدترین واقعہ ہے: وزیراعظم

اجلاس میں اسرائیل کیخلاف مذمتی قرارداد سمیت دیگر اہم امور پر غور کیا گیا، 10 نکات پر مشتمل ایجنڈے میں چین اور پاکستان کے مابین تجارت بڑھانے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پیش کی گئی۔

اجلاس میں زیر غور آنے والے دیگر امور میں نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویج چارٹر کے دوبارہ نفاذ کی منظوری، مجوزہ کنگ حماد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز بل، نجکاری بورڈ کے ارکان کی تعداد میں اضافے کی سمری شامل تھے۔

علاوہ ازیں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی کے علاوہ 22-2021 اور 23-2022 میں فیڈریشن سے متعلق پالیسیوں پر عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی جبکہ ریاستی انٹرپرائزز سے متعلق کابینہ کمیٹی کے 22 جولائی کے فیصلوں کی توثیق بھی ایجنڈے کا حصہ تھی، کابینہ میں ریاستی ملکیتی انٹرپرائزز پر بریفنگ بھی دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں