برطانوی شہری کا بلند پہاڑ سے چھلانگ لگا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم

کھٹمنڈو: (ویب ڈیسک) برطانوی شہری نے نیپال میں بلند ترین چوٹی سے چھلانگ لگا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

34 سالہ جاشوا بریگمین نے نیپال کی میرا چوٹی سے 18 ہزار 753 فٹ کی چھلانگ لگائی اور پیراشوٹ کی مدد سے زمین پر پہنچے جس سے پچھلے ریکارڈ کا فاصلہ 4 ہزار فٹ سے زیادہ بڑھ گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس سے پہلے یہ ریکارڈ فرانسیسی کھلاڑی میتھیاس گیراڈ کے پاس تھا، جنہوں نے 2019 میں 14,301 فٹ سے چھلانگ لگائی تھی، تاہم اب اس کارنامے کو دنیا کی سب سے اونچی اسکائی بیس جمپ قرار دیا جا رہا ہے۔

اسکی‘بیس جمپنگ ایک انتہائی خطرناک کھیل ہے جس میں کھلاڑی کسی پہاڑ یا چٹان سے اسکی کر کے چھلانگ لگاتے ہیں، آزادانہ ہوا میں گرتے ہیں اور پھر پیراشوٹ کا استعمال کرتے ہوئے زمین پر اترتے ہیں۔

بریگمین نے اپنی اس کوشش کیلئے دو ہفتے میرا چوٹی پر گزارے، جہاں وہ اونچائی کے مطابق خود کو ڈھالنے کیلئے ہائیکنگ، اسکیئنگ اور کیمپنگ کرتے رہے، انہیں اور ان کی ٹیم کو آکسیجن کی کمی اور مسلسل سردرد جیسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، انہیں ایک موزوں چھلانگ لگانے کی جگہ تلاش کرنے اور وہاں سے ملبہ ہٹانے کی بھی ضرورت پیش آئی۔

بریگمین نے بتایا کہ ان کا پہلا انتخاب کردہ مقام مناسب نہیں تھا اور وہ تقریباً ہار ماننے والے تھے، تاہم اگلے دن انہیں ایک بہتر جگہ ملی، جہاں سے انہوں نے چھلانگ لگانے کی تیاری کی۔

برطانوی شہری بریگمین کا کہنا تھا کہ اس رات ہمیں تقریباً 2 سینٹی میٹر برف ملی، زیادہ نہیں، لیکن یہ مددگار ثابت ہوئی، خواب یہ تھا کہ ہم خوبصورت انداز میں کچھ ایس ٹرنز کریں اور پھر چٹان سے خوبصورتی سے چھلانگ لگائیں لیکن حقیقت میں ہمارے پاس صرف ایک چھوٹی چٹان بھری پٹی تھی جو تقریباً 6,000 میٹر کی بلندی پر تھی۔

بریگمین کے اس معرکے کا مقصد نیپال میں انسانی سمگلنگ کے مسئلے کے بارے میں شعور بیدار کرنا تھا تاکہ اس سے حاصل شدہ رقم سے ہزاروں متاثرہ بچوں کی مدد کی جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں