پی ٹی آئی نے منظم پراپیگنڈا کرکے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا: بیرسٹر عقیل ملک

اسلام آباد : (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے ملک کے خلاف منظم پراپیگنڈا کیا گیا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا حکومت کی مجبوری ہے، عوام کے سامنے تمام حقائق موجود ہیں، پی ٹی آئی نے منظم مہم چلاکر پاکستان کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور برطانیہ کی پارلیمنٹ سے قراردادیں منظور کرائی گئیں، اس ہجوم نے پاکستان کو ہر ممکن نقصان پہنچایا، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ رؤف حسن صحافی ہیں، رؤف حسن نے کہاں صحافت کی؟ رؤف حسن نے ملک دشمن قوتوں کیساتھ ملکر مہم چلائی، بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد دشمنوں کیساتھ ملکر پراپیگنڈا کیا گیا۔

بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی نے شمال، جنوب، مغرب اور مشرق جاکر پاکستان کو نقصان پہنچایا، ملک دشمن ایجنڈا انہوں نے سائفر سے شروع کیا اور ملک کو تنہا کیا، گرفتاریاں اور بھی ہوں گی، اب برداشت سے باہر بات ہوگئی ہے اب کوئی بات نہیں ہوگی، تمام بات چیت کے دروازے بند ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سائفر سے لے کر خارجہ پالیسی تک یہ ملک دشمنی میں چلے گئے، قوم اور ادارے اب مزید برداشت نہیں کریں گے، پاکستان کے خلاف کوئی ایک لفظ بھی کہے تو ہم آگ بگولا ہو جاتے ہیں، پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت مسلح افواج کی ذمہ داری ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی ڈیپ پاکٹس ہیں، جس سے یہ لابنگ کرتے ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں