ہم کام پر یقین رکھتے ہیں، بلاول بھٹو سے وفاق سے ہسپتال لینے کی درخواست کردی: وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم باتوں سے زیادہ کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں، ہم نے چیئرمین بلاول بھٹو سے درخواست کی ہے کہ یہ ہسپتال وفاق سے لے کر دیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جناح ہسپتال میں نئی سہولیات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کو اسلام آباد جانا تھا لیکن ہماری درخواست پر وہ یہاں آگئے، لوگ مجھے کہتے ہیں کہ آپ بتاتے نہیں ہیں، میں کہتا ہوں کہ سارا دن پریس کانفرنسز کرتا پھروں تو کام کب کروں گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جب ہم نے وفاقی حکومت سے ہسپتال لئے تو ان کے پاس پیسے نہیں تھے، جب سندھ حکومت نے ہسپتال سنبھالے اور چلنے لگے تو وفاقی حکومت آ کر بیٹھ گئی، ایک صاحب بار بار آتے تھے کہ بورڈ آف گورنرز کا میں سربراہ ہوں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایک موقع پر ہم نے وفاقی حکومت سے کہا کہ چابیاں لیں اور چلائیں، وفاقی حکومت اس پیشکش کے بعد پیچھے ہٹ گئی، دوسری جگہوں پر کسی معاملے پر عدالت کے حکم امتناع آتے ہیں، سندھ میں ہسپتالوں پر حکم امتناع ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں