اٹلی کے ساحل پرڈوبنے والی لگژری کشتی کے لاپتہ 6 افراد کی تلاش جاری، ایک شخص ہلاک

اٹلی : (دنیانیوز/ ویب ڈیسک ) اٹلی کے ساحل پر لگژری کشتی ڈوب گئی، برطانوی ٹیک ٹائیکون مائک لینچ اور ان کی بیٹی سمیت لاپتا 6 افراد کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔

لاپتہ افراد میں برطانوی ٹیک ٹائیکون مائک لینچ، مورگن اسٹینلے انٹرنیشنل کے چیئرمین جوناتھن بلومر اور معروف امریکی وکیل کرس مورویلو شامل ہیں۔

برطانوی ٹیک ٹائیکون مائک لینچ کی 18 سالہ بیٹی ہانا، جوناتھن بلومر اور کرس مورویلو کی بیویاں بھی لاپتہ افراد میں شامل ہیں۔

لگژری کشتی کے ڈوبنے سے ایک شخص ہلاک ہوا تھا جس کی شناخت کشتی کے باورچی کے طور پر ہوئی جبکہ کشتی پر سوار دیگر 15 افراد کو بچا لیا گیا تھا۔

برطانوی ساختہ بیسیان کشتی پر 22 افراد سوار تھے، طوفان سے ٹکرانے کے باعث کشتی کو حادثہ پیش آگیا۔

اٹالین حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں مزید افراد کے زندہ بچنے کی امید دم توڑتی جا رہی ہے، خدشہ ہے کہ لاپتا افراد کی لاشیں کشتی میں پھنس گئی ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں