آرمی چیف سے چین کی بری فوج کے سربراہ کی ملاقات، فوجی تعاون مضبوط بنانے پر گفتگو

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پیپلز لبریشن آرمی گراؤنڈ فورسز کے کمانڈر جنرل لی کیاومنگ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسی کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا، علاقائی سلامتی، فوجی تربیت اور دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی کمانڈر نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کی موثر کوششوں کو سراہا، چینی کمانڈر نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جذبے کی بھی تعریف کی، آرمی چیف نے چینی کمانڈر کا شکریہ ادا کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ دفاعی تعاون دونوں ممالک کے درمیان مضبوط بھائی چارے کی علامت ہے، پاکستان چین کے ساتھ اپنے دائمی تعلق کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

اس موقع پر چینی کمانڈر نے جی ایچ کیو میں یاد گار شہدا پر پھول چڑھائے، جی ایچ کیو آمد پر چینی کمانڈر کو پاک افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں