سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 21 دہشتگرد جہنم واصل،14 اہلکار شہید

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 21 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ کارروائیوں کے دوران 14 اہلکار وطن پر قربان ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 25 اور 26 اگست کی رات کو دہشت گردوں نے بلوچستان میں کئی کارروائیوں کی کوشش کی، جس کا مقصد دشمن طاقتوں کے ایما پر ان بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد بلوچستان میں امن اور ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق موسیٰ خیل، قلات اور لسبیلہ کے اضلاع میں متعدد شہریوں کی شہادت ہوئی، موسیٰ خیل میں دہشت گردوں نے ایک بس کو روکا اور بلوچستان میں روزگار کرنے والے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کی اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران 21 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، ان کارروائیوں کے دوران وطن کے 14 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا، شہید ہونے والوں میں سکیورٹی فورسز کے 10 اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں