طوفانی بارشوں کا خدشہ، کراچی اور حیدر آباد میں کل تعلیمی ادارے بند رہیں گے

کراچی: (دنیا نیوز) طوفانی بارشوں کے خدشے کے باعث کل کراچی اور حیدرآباد میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے آج رات یا کل صبح سندھ کی ساحلی پٹی تک سمندری طوفان بننے کا خطرہ ظاہر کیا ہے جس کے زیر اثر کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

صوبے کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارشوں کے باعث کراچی میں کل بروز جمعہ تمام سرکاری اور نجی اسکول کل بند رہیں گے، اس حوالے سے کمشنر کراچی نے حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

کمشنر کراچی کے مطابق یہ فیصلہ محکمہ موسمیات،صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی سے مشاورت کے بعدکیا گیا ہے، دوسری جانب کل بروز جمعہ حیدرآباد ضلع میں بھی تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حالیہ سیلاب اور بارشوں سے تباہی، 27 روز میں 245 افراد جاں بحق

انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حیدرآباد ضلع کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کل بھی بند رہیں گے، خیال رہےکہ بارشوں کے باعث ضلع حیدرآباد میں آج بھی تعلیمی ادارے بند تھے۔

علاوہ ازیں صوبے کے دیگر اضلاع سانگھڑ، نواب شاہ، جامشورو، ٹنڈوالہ یار، میرپورخاص اور عمرکوٹ میں پہلے ہی تعلیمی ادارے آج اور کل بند رکھنے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں