نفرت انگیز بیانات: یورپی یونین کا اسرائیلی وزراء پر پابندی لگانے کا مطالبہ

برسلز: (ویب ڈیسک) یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے سربراہ نے اسرائیلی وزراء پر پابندیاں لگانے کا مطالبہ کر دیا۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے 27 ممبر ریاستوں پر زور دیا ہے کہ فلسطینیوں کو نفرت انگیز پیغامات دینے والے اسرائیل کے متعدد وزراء پر پابندیاں عائد کی جائیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ اور دفاع کے اجلاس میں جوزف بوریل نے کہا کہ اسرائیلی وزراء نے جو بیانات دیئے ہیں وہ واضح طور پر بین الاقوامی قانون کے خلاف ہیں اور جنگی جرم کے ارتکاب کے لئے اشتعال دلانے کا باعث ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جوزف بوریل نے اسرائیلی وزراء کے نام نہیں لئے تاہم حالیہ ہفتوں میں انہوں نے اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بین گویر اور وزیرخزانہ بیزالیل سموٹریچ کو ان کے بیانات پر کھلے عام تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور انہیں ’مجرم‘ سے تعبیر دیا تھا۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے رکن ممالک کو آگاہ کرنے کے لئے عمل شروع کردیا ہے اگر انہوں نے مناسب سمجھا تو ہم نے فلسطینیوں کے خلاف ناقابل قبول نفرت انگیز پیغامات دینے والے اسرائیلی وزراء پر پابندیوں کی فہرست دی ہے۔

جوزف بوریل کا مزید کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یورپی یونین کو انسانی قانون کے احترام کے لئے ہماری فہرست کا استعمال کرنے کے لئے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں