عافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی سے متعلق درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی سے متعلق درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

عدالتی حکم میں لکھا گیا ہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل آئندہ سماعت پر عدالت کو ڈاکٹر عافیہ سے متعلق ٹھوس وجوہات سے آگاہ کریں، ٹھوس وجوہات نہ دینے کی صورت میں سیکرٹری خارجہ ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوں۔

تحریری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری خارجہ عدالت کو حکومت کی پوزیشن بارے واضح کریں، سیکرٹری خارجہ کی عدم پیشی پر حکومت کو 10 لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری حکمنامہ میں کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق امریکہ سے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر پیشرفت ہوئی ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل آئندہ سماعت پر وہ تاریخ بتائیں جس تاریخ کو قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ امریکی حکومت کو بھیجا جائے گا۔

عدالتی حکم میں مزید کہا گیا کہ فوزیہ صدیقی کے وکلاء اس مرحلے پر انکوائری نہیں چاہتے، فوزیہ صدیقی کے وکلاء صرف ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بحفاظت واپسی چاہتے ہیں، عدالت نے کیس کی سماعت 2 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں