سرگودھا: چوری کے الزام میں زمیندار کے ہاتھوں ملازم قتل، ملزم گرفتار

سرگودھا: (دنیا نیوز) سرگودھا میں زمیندار نے چوری کا الزام لگا کر اپنے ملازم کو قتل کر کے لاش کھیتوں میں دفن کردی۔

پولیس کے مطابق قتل کا واقعہ سرگودھا کے نواحی قصبے مٹیلہ میں پیش آیا،زمیندار نے اپنے 28 سالہ ملازم مظہر اقبال پر چوری کا الزام لگایا اور خود ہی تفتیش کرکے اس پر تشدد کرتا رہا، زمیندار کے تشدد سے مظہر اقبال جاں بحق ہوگیا جسے ملزم نے کماد کی فصل میں دفن کردیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم عامر کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔

ملزم عامر نے اپنے ابتدائی بیان میں پولیس کو بتایا کہ مقتول مظہر نے میری چوری کی تھی جس کو میں نے قتل کر کے لاش کماد کی فصل میں دفن کر دی تھی۔

پولیس نے کماد کی فصل سے لاش برآمد کرکے پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی۔

ادھر چشتیاں میں تھانہ بخشن خان کے علاقہ موضع میروبلوچ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 50سالہ شخص زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا، زخمی کی شناخت تنویرکے نام سے ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص اپنے کھیتوں میں کام کر رہاتھا، واقعہ کی تفتیش اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں