پی سی بی کا چیمپئنز کپ کے میچز مفت دکھانے کا اعلان

لاہور : (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر چیمپئنز کپ کے آخری 4 میچز کے علاوہ باقی تمام میچز مفت دکھانے کا اعلان کردیا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت چیمپئنز کپ کے انتظامات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ، ایڈوائزر بلال افضل، ڈائریکٹر ڈومیسٹک عبداللہ خرم نیازی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں چیمپئنز کپ کرانے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ چیمپئنز کپ کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر شائقین کرکٹ چیمپئنز کپ کے آخری 4 میچز کے سوا تمام میچ فری دیکھ سکیں گے۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کے شہری کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتے ہیں، عرصہ دراز بعد فیصل آباد میں پاکستان کے بہترین کھلاڑی بڑے ٹورنامنٹ میں ان ایکشن ہوں گے۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ چیمپئنز کپ سے نہ صرف ٹیلنٹ سامنے آئے گا بلکہ ڈومیسٹک کرکٹ بھی مضبوط ہو گی، چیمپئنز کپ کی کامیابی کیلئے پوری ٹیم کو ذمہ داری سے کام کرنا ہے۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں