سوڈانی فوج کی دارالحکومت کی مارکیٹ میں بمباری، 23 افراد ہلاک، 40 زخمی
خرطوم: (ویب ڈیسک) سوڈانی فوج نے خرطوم میں قائم مارکیٹ میں فضائی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک ہوگئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مقامی رضاکاروں کے نیٹ ورک سدرن بیلٹ نے بتایا کہ دارالحکومت خرطوم میں کی گئی کارروائی میں 23 افراد ہلاک اور 40 سے زائد شہری زخمی ہوئے۔
میڈیا نے عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ خرطوم میں فوج کی جانب سے کی گئی بمباری میں زخمی ہونے والے متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
رپورٹ کے مطابق فضائی حملے میں نشانہ بننے والی مارکیٹ سوڈان کے دارالحکومت میں پیراملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے مرکزی کیمپ میں واقع مارکیٹوں میں سے ایک ہے جہاں فوج کے ساتھ لڑائی جاری ہے۔
واضح رہے کہ سوڈان میں جاری خانہ جنگی میں اب تک ہزاروں افراد مارے جاچکے ہیں اور دارالحکومت کے اکثر علاقے پر فوج کے بجائے پیراملٹری فورس آر ایس ایف کا کنٹرول ہے، اسی لئے فوج شہر کے مرکزی اور جنوبی علاقوں پر فضائی کارروائی کرتی ہے۔