انڈسٹری میں کچھ ڈرامہ سازوں نے خوبصورتی بڑھانے کا مشورہ دیا: حاجرہ یامین
لاہور: (ویب ڈیسک) ڈرامہ سیریل عہد وفا سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ حاجرہ یامین نے کہا ہے کہ انہیں انڈسٹری میں کچھ ڈرامہ سازوں نے خوبصورتی بڑھانے کا مشورہ دیا تھا۔
حال ہی میں اداکارہ حاجرہ یامین ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے نجی زندگی اور کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
انٹرویو کے دوران اداکارہ نے بتایا کہ کیریئر کا آغاز کیا تو کچھ ڈرامہ سازوں نے خوبصورتی بڑھانے کا مشورہ دیا لیکن میں نے ان کی بات پر توجہ نہیں دی پھر مجھے دوسرے ڈرامہ سازوں نے کاسٹ کرلیا۔
حاجرہ کا کہنا تھا کہ میں اپنی بالوں کو سیدھا (سٹریٹ) کروانا چاہتی تھی لیکن ڈرامہ سازوں نے روکتے ہوئے کہا گھنگریالے بالوں کی وجہ سے ہی ہم آپ کو ڈراموں میں کاسٹ کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 10 سے 12 گھنٹے تک شوٹنگ کرنے کے بعد مجھ میں سوشل میڈیا استعمال کرنے کی ہمت نہیں رہتی، اس لیے میں وہاں زیادہ متحرک نہیں ہوں۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ اب شوبز انڈسٹری میں خوبصورتی سے زیادہ سوشل میڈیا پر شہرت کو دیکھا جاتا ہے، جس کے زیادہ فالوورز ہوتے ہیں اسے کاسٹ کرلیا جاتا ہے۔
نجی زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے حاجرہ نے بتایا کہ میرا آبائی شہر ملتان ہے، سعودی عرب اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں بھی زندگی گزری لیکن شوبز کیریئر کیلئے کراچی میں سکونت اختیار کی، اگرچہ کراچی میں رہائش اختیار کرنا مشکل تھا، تاہم میں خوش قسمت ہوں مجھے شہر قائد میں اچھے دوست مل گئے۔