پی ایس ایل 10: مقامی پلیئرز کی کیٹیگریز پر فرنچائزز نے سوال اٹھا دیئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کیلئے مقامی پلیئرز کی کیٹیگریز پر بعض فرنچائزز نے سوال اٹھا دیئے۔

پی ایس ایل میں مقامی پلیئرز کی کیٹیگریز فرنچائزز خود طے کرتی ہیں، ہر ٹیم کو دیگر 5 کے پلیئرز پر رائے دینے کا حق ہوتا ہے البتہ اگر کوئی اختلاف سامنے آئے تو قومی سلیکشن کمیٹی فیصلہ کرتی ہے، اس بار سابق ٹیسٹ سٹارز اظہر علی اور اسد شفیق کے ساتھ سابق امپائر علیم ڈار نے حتمی فیصلے کیے جس پر سوال اٹھائے جارہے ہیں۔

ملتان سلطانز کے عثمان خان گزشتہ سیزن میں 107.50 کی اوسط سے 430 رنز بنا کر بابراعظم کے بعد دوسرے نمبر پر رہے تھے، انہوں نے 2 سنچریاں اور اتنی ہی ففٹیز بھی بنائی تھیں، اس کے بعد بھی وہ ریگولر ٹی 20 کرکٹ کھیلتے رہے اور پاکستانی سکواڈ کا بھی حصہ ہیں، 4 فرنچائزز نے انہیں پلاٹینئم میں شامل کرنے کا ووٹ دیا لیکن اس کے باوجود ٹاپ کیٹیگری کے بجائے انہیں ڈائمنڈ میں رکھا گیا۔

لاہور قلندرز کے عبداللہ شفیق نے گزشتہ پی ایس ایل کے بعد سے کوئی ٹی 20 میچ نہیں کھیلا لیکن وہ گولڈ سے ڈائمنڈ میں آ گئے، کراچی کنگز کے حسن علی کو ڈائمنڈ سے پلاٹینئم میں ترقی مل گئی، ریٹائرڈ محمد عامر اور عماد وسیم بھی ٹاپ کیٹیگری کا حصہ ہیں۔

حسن علی کی شمولیت کی وجہ کراچی کنگز کے پاس اس کیٹیگری کے کسی اور کرکٹر کا نہ ہونا قرار پائی، ریلیگیشن اور ریٹینشن کا اعلان رواں ماہ کے اختتام پر ہو گا جبکہ پلیئرز ڈرافٹ 11 جنوری کو کراچی یا لاہور میں ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں