باکسنگ ڈے ٹیسٹ: قومی ٹیم کا 7 بیٹر کیساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ

سنچورین: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقا کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ کیلئے7 بیٹر کیساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کر لیا۔

رپورٹس کے مطابق جمعرات سے سپر سپورٹس پارک سنچورین میں جنوبی افریقا کیخلاف شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کیلئے ان فارم صائم ایوب اور کپتان شان مسعود سے اوپننگ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سابق ٹیسٹ کپتان بابراعظم کو ون ڈاؤن پوزیشن پر کھلایا جاسکتا ہے جبکہ جنوبی افریقا کیخلاف مسلسل 3 ون ڈے میچز میں صفر پر پویلین لوٹنے والے عبداللہ شفیق کو ڈراپ کیا جائے گا۔

بابراعظم کو گزشتہ ماہ اکتوبر میں انگلینڈ کیخلاف آخری دو ٹیسٹ میچز کیلئے آرام دیا گیا تھا انکی پلیئنگ الیون میں واپسی ہو گی، کامران غلام نمبر 4، نائب کپتان سعود شکیل نمبر 5 جبکہ ون ڈے اور ٹی 20 کے کپتان وکٹ کیپر محمد رضوان نمبر 6 پر بیٹنگ کریں گے۔

اس کے علاوہ بیٹنگ آل راؤنڈر سلمان علی آغا نمبر 7 پر بیٹنگ کے لیے آئیں گے۔

واضح رہے کہ وائٹ بال سیریز کے بعد اب پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ ٹی 20 سیریز جنوبی افریقا کے نام رہی تھی جبکہ ون ڈے سیریز میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو وائٹ واش کیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں