وزیرآباد: ہری پور بند کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک

وزیرآباد: (دنیا نیوز) دریائے چناب سے ملحقہ بیلہ کے علاقے ہری پور بند کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی ہے، ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو رہا تھا، پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا، ملزمان بیلہ کی جانب فرار ہو رہے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے بوکھلا کر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کے بعد جائے وقوعہ کا جائزہ لیا گیا تو ملزم بلال کی نعش موقع سے ملی، وہ اپنے ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے مارا گیا۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ پولیس مقابلہ میں مارے جانے والے ڈاکو بلال کا تعلق گجرات سے بتایا گیا ہے، بلال ریکارڈ یافتہ ملزم ہے جس کے ریکارڈ کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے، ملزم کی لاش سول ہسپتال وزیرآباد منتقل کر دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں