وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی رہنمائی سے ٹرانسپورٹ کی ہڑتال ختم ہوگئی: مریم اورنگزیب
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی رہنمائی اور ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز کے تعاون سے ٹرانسپورٹ کی ملک گیر ہڑتال ختم ہوگئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز سمیت مذاکرات میں شریک تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی کوششوں سے مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ گڈز، منی مزدا، پبلک ٹرانسپورٹ اور سٹاف ڈیوٹی وہیکل کمیٹیوں کے ذریعے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش تمام مسائل کا مستقل حل نکالا جائے گا، حکومت، ٹرانسپورٹرز اور متعلقہ فریقین مل کر اس شعبے کو ایک جدید، عالمی معیار اور عوامی خدمت کی مثال صنعت بنائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان جاری گفت و شنید کامیاب رہی، جس کے بعد ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز نے اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔