چینی فوجی صلاحیتوں میں اضافے کے باعث امریکا مزید غیر محفوظ ہو رہا ہے: پینٹاگون

واشنگٹن: (دنیا نیوز) پینٹا گون کا کہنا ہے کہ چینی فوجی صلاحیتوں میں اضافے کے باعث امریکا مزید غیر محفوظ ہو رہا ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارتِ دفاع پینٹاگون نے کانگریس کو پیش کی گئی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) اپنی فوجی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں امریکا کی سلامتی مزید کمزور ہوتی جا رہی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین کی تاریخ ساز فوجی تعمیر و توسیع نے امریکی سرزمین کو بڑھتے ہوئے خطرات سے دوچار کر دیا ہے، دستاویز کے مطابق چین نہ صرف اپنی روایتی فوجی طاقت میں اضافہ کر رہا ہے بلکہ اس کے جوہری ہتھیاروں اور دیگر جدید عسکری نظاموں کی صلاحیت بھی ایسی ہے جو براہِ راست امریکی سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔

پینٹاگون کے اندازوں کے مطابق چین اپنے جوہری اثاثوں میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے اور اس کا منصوبہ ہے کہ وہ 2030 تک ایک ہزار سے زائد جوہری وارہیڈز حاصل کر لے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2024 میں چین کے پاس اندازاً 600 جوہری وارہیڈز موجود تھے، اس سے قبل چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے رائٹرز کی جانب سے رپورٹ کے اقتباسات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا چین کے میزائل نظاموں کی تعیناتی کو بہانہ بنا کر اپنے جوہری ہتھیاروں کی جدید کاری میں تیزی لا رہا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ چین جوہری ہتھیاروں کے استعمال میں ’’پہل نہ کرنے‘‘ کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے، جوہری دفاعی حکمتِ عملی پر یقین رکھتا ہے اور اپنی قومی سلامتی کے لیے ضروری کم سے کم جوہری صلاحیت برقرار رکھتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں