تل ابیب میں اسرائیلی شہریوں کا نیتن یاہو کی حکومت کیخلاف احتجاج
تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیلی وزیراعظم پر اپنے ہی لوگ سوال اٹھانے لگے، تل ابیب میں ہزاروں صیہونی شہری نیتن یاہو کی حکومت کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہزاروں مظاہرین نے تل ابیب کی سڑکوں پر حکومت کی تبدیلی کے حق میں نعرے بازی کی، مظاہرین نے 7 اکتوبر 2023ء کے واقعات پر آزاد تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ بھی کیا۔
خیال رہے کہ بڑی تعداد میں اسرائیلی عوام وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی پالیسیوں اور سیاسی فیصلوں سے نالاں ہے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو عدلیہ کی آزادی کو کم کرنا چاہتے ہیں تاکہ اپنی طاقت کو مضبوط بنائیں، اور عدالتیں ان کے خلاف مقدمات میں ان کا مقابلہ نہ کر سکیں۔
نیتن یاہو پر کرپشن، فراڈ اور اعتماد کے خلاف غلط بیانی کے الزامات بھی ہیں، اور ان کے خلاف مقدمات طویل عرصے سے عدالت میں جاری ہیں، حال ہی میں انہوں نے صدر سے معافی طلب کی جس پر بہت سخت ردِ عمل آیا ہے، مظاہرین اسے اقتدار میں رہنے کا طریقہ اور ذمہ داری سے بچنے کی کوشش قرار دیتے ہیں۔
کئی احتجاجیوں، خاص طور پر یرغمالیوں کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ حکومت غزہ کی جنگ میں ناکام ہے اور احاطے میں قابو پانے یا یرغمالیوں کو آزاد کروانے میں مؤثر کردار نہیں ادا کر رہی، وہ چاہتے ہیں کہ نیتن یاہو ایسی ڈیل تک پہنچیں جس سے ہر ممکنہ طریقے سے یرغمالیوں کی رہائی ہو۔