پشاور: پولیس مقابلے کے دوران انتہائی مطلوب اجرتی قاتل ہلاک

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے تھانہ پھندو کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران انتہائی مطلوب اجرتی قاتل ہلاک ہو گیا۔

سی سی پی او پشاور کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت میر اسلم عرف میرو کے نام سے ہوئی ہے جو مختلف تھانوں کو سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔

سی سی پی او میاں سعید نے بتایا کہ ہلاک ملزم کے خلاف چھ مختلف تھانوں میں قتل اور اقدامِ قتل کے متعدد مقدمات درج تھے، ملزم کئی برسوں سے پولیس کو مطلوب تھا اور اجرت پر قتل کی وارداتوں میں ملوث رہا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ میر اسلم عرف میرو نے سات سال قبل حمیدا اللہ نامی شہری کو 10 لاکھ روپے کے عوض قتل کیا تھا، اسی طرح چار سال قبل اسماعیل نامی شہری کے قتل میں بھی وہ ملوث تھا۔

سی سی پی او کے مطابق ملزم نے چھ سال قبل تنگی چارسدہ میں زلمے نامی شہری کو ڈیڑھ لاکھ روپے کے عوض قتل کیا تھا، ملزم نے اجرت لے کر پشاور اور مردان کے مختلف علاقوں میں قتل کی متعدد وارداتیں انجام دیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم اجرتی قتل کے کیسز میں انتہائی مطلوب تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں