پاکستان میں رمضان المبارک کے چاند سے متعلق پیش گوئی
لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے سے متعلق پیش گوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند 18 فروری 2026 کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔
رمضان 1447 ہجری کے چاند کی پیدائش پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 17 فروری 2026 کو شام 5 بج کر 01 منٹ پر ہوگی، جبکہ 29 شعبان 1447 ہجری کو رمضان کا چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بیشتر علاقوں میں 18 فروری کو موسم جزوی ابر آلود یا صاف رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث چاند نظر آنے کے امکانات موجود ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے مختلف علاقوں میں چاند دیکھنے کے آخری اوقات بھی جاری کئے گئے ہیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں چاند دیکھنے کا آخری وقت 6 بج کر 58 منٹ شام، بلوچستان میں چاند دیکھنے کا آخری وقت 7 بج کر 47 منٹ شام، سندھ میں چاند دیکھنے کا آخری وقت 7 بج کر 24 منٹ شام، خیبر پختونخوا میں چاند دیکھنے کا آخری وقت 7 بج کر 13 منٹ شام ہوگا۔
اس کے علاوہ پنجاب میں چاند دیکھنے کا آخری وقت 7 بج کر 08 منٹ شام جبکہ گلگت بلتستان میں چاند دیکھنے کا آخری وقت 6 بج کر 53 منٹ شام ہوگا۔