وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا اسلام آباد رمضان سہولت بازار کا دورہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے علاقے جی سکس لیس میں کیش لیس رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا۔
جی سکس آبپارہ میں قائم رمضان سہولت بازار کا دورہ کرتے ہوئے محسن نقوی نے سبزیوں، پھلوں اور اشیائے ضرویہ کے سٹالز کا معائنہ کیا، جس میں اشیائے خوردونوش کی کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ جبکہ انہوں نے انتظامیہ کو ریٹ لسٹ نمایاں آویزاں کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
وزیر داخلہ نے رمضان بازاروں میں صفائی اور سکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے مختلف سٹالز کا دورہ کیا، شہریوں سے ملے اور کوالٹی و قیمتوں کے بارے میں پوچھا جس کے جواب میں بعض شہریوں کی جانب سے ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کی شکایت کی گئی۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ "ریٹ واضح طور پر لکھ کر آویزاں کریں تاکہ عوام کو معلوم ہو کہ بازار ریٹ اور آپ کا ریٹ کیا ہے"، عوام کو سستی اور معیاری اشیاء فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، عوامی ریلیف میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے رمضان سہولت بازار کے انتظامات پر وزیرِ داخلہ کو بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ جی سکس رمضان بازار میں کچھ نجی کمپنیوں کے سٹالز بھی قائم ہیں جبکہ رمضان بازار صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کھلا رہے گا۔
رمضان بازار میں منڈی ریٹ کے مطابق اشیاء کی فروخت یقینی بنانے کیلئے خصوصی مانیٹرنگ میکنزم فعال کیا گیا ہے۔
چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی جی انفورسمنٹ، سسٹنٹ کمشنر اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔