طلاق کا معاملہ سوشل میڈیا پر لانے پر عمر بٹ کی رجب بٹ پر تنقید

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف ڈیجیٹل کریئیٹر اور ٹک ٹاکر عمر بٹ نے یوٹیوبر رجب بٹ کی جانب سے اپنی اہلیہ سے علیحدگی کے معاملے کو سوشل میڈیا پر لانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن تماشا کیوں لگا رہا ہے۔

رجب بٹ اس وقت اپنی اہلیہ ایمان رجب سے علیحدگی اور ازدواجی تنازعے کے باعث ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پر خبروں میں ہیں، دونوں کے درمیان معاملات مزید کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر الزامات اور تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

رجب بٹ اس معاملے پر خود بھی سوشل میڈیا پر بات کر رہے ہیں جبکہ ایمان رجب کی جانب سے ان کے بھائی عون مختلف پلیٹ فارمز پر مؤقف پیش کر رہے ہیں، دونوں فریقین کی جانب سے سوشل میڈیا کے ذریعے جوابات اور بیانات دینے سے تنازعہ مزید پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے۔

اس صورتحال پر دیگر ڈیجیٹل کریئیٹرز بھی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں، اسی سلسلے میں عمر بٹ نے بھی رجب بٹ اور ایمان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

عمر بٹ نے ایک مشترکہ دوست کے ذریعے رجب بٹ سے اپیل کی کہ وہ اپنی علیحدگی کے معاملے کو سوشل میڈیا پر عوامی نہ کریں اور ذاتی مسائل کو نجی طور پر حل کریں، انہیں سمجھایا جائے کہ وہ اپنے گھریلو معاملات کو آن لائن تماشہ نہ بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں کو چاہیے کہ بیٹھ کر آپس میں اپنے مسائل حل کریں اور اس معاملے کو نجی رکھیں کیونکہ پوری دنیا اس پر بات کر رہی ہے اور ان کا مذاق بھی اڑا رہی ہے۔

عمر بٹ نے مزید کہا کہ اگر دونوں فریق اپنے مسائل حل نہیں کرنا چاہتے تو بھی کم از کم انہیں گھر کے اندر ہی نمٹانا چاہیے، انہوں نے ایمان کے بھائی عون کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپنی بہن کی ازدواجی زندگی کے معاملات سوشل میڈیا پر بیان کرنا مناسب نہیں۔

ان کے مطابق دونوں جانب سے اس معاملے کو سوشل میڈیا پر لانا درست اقدام نہیں اور بہتر ہے کہ اسے نجی طور پر ہی حل کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں