ملک میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 4.70 فیصد کی سطح پر ریکارڈ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 4.70 فیصد کی سطح پر ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی بارے رپورٹ جاری کر دی ہیں، رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.37 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ ایک ہفتے کے دوران 13 اشیاء مہنگی اور 11 کی قیمتیں کم ہوئیں ہیں۔
جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں چکن کی فی کلو قیمت میں 35.48 پیسے، ایل پی جی کا گھریلو سلینڈر 2 سو روپے اور فی درجن کیلے میں 7 روپے سے زائد اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ مین بتایا گیا کہ بیف،مٹن،گڑ ،سگریٹس بھی گزشتہ ہفتے مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو 7 روپے 14 پیسے، انڈے فی درجن 20 روپے، پیاز فی کلو 4 روپے اور آلو فی کلو 1.67 روپے تک سستے ہوئے ہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 54.53 روپے سستا ہوا ہے جبکہ دال ماش،دال مسور،چینی اور ڈیجٹیل گھی بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
علاوہ ازیں بریڈ ،تازہ دودھ ،دہی سمیت 27 اشیاء کی قیمتیں مستحکم بھی رہیں ہیں۔