لکی مروت دھماکے میں شہید ہونیوالے اہلکاروں کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں
لکی مروت: (دنیا نیوز) لکی مروت میں فتنہ الخوارج کی بزدلانہ کارروائی، بیٹنی کے علاقے میں پولیس پر آئی ای ڈی حملہ کے دوران 7 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
دھماکے میں شہید ہونے والے تمام پولیس اہلکاروں کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت سے ہی ہے جن کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
واقعہ کے شہدا میں ایس ایچ او تھانہ شادی خیل انسپکٹر صدر اعظم شہید سکنہ تاجبی خیل (ضلع لکی مروت)، کانسٹیبل شاہ بہرام شہید سکنہ شادی خیل ( ضلع لکی مروت)، کانسٹیبل شاہ خالد شہید سکنہ شادی خیل (ضلع لکی مروت) شامل ہیں۔
کانسٹیبل حاجی محمد شہید سکنہ ورگاڑی ( ضلع لکی مروت)، کانسٹیبل گل زادہ شہید سکنہ ور گاڑی (ضلع لکی مروت) کانسٹیبل سخی زادہ شہید سکنہ پاخیل (ضلع لکی مروت) اورکانسٹیبل نمدار شہید سکنہ علی خیل (ضلع لکی مروت) بھی جام شہادت نوش کرنے والوں میں شامل ہیں۔
خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر جوان اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران دہشتگردی کے اس بزدلانہ حملے کا نشانہ بنے اور جامِ شہادت نوش کیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق لکی مروت دہشتگردی کاواقعہ ثابت کرتا ہے کہ پاک فوج کاافغانستان میں جاری آپریشن غضب للحق بالکل درست ہے۔
آپریشن غضب للحق کے تحت فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں اور سہولت کار نیٹ ورکس کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج نے مقامی پختونوں کو نشانہ بناکرایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ ان کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور یہ انسانیت کے دشمن ہیں۔