لاہور: تاجر کے اغوا برائے تاوان کے مقدمہ میں بڑی پیش رفت، مدعی بیان سے منحرف
لاہور:(دنیا نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت میں مصری شاہ کے تاجر کے اغوا برائے تاوان کیس میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سماعت کی،اغوا برائے تاوان کیس کے مدعی محمد ندیم نے ملزمان کو معاف کر دیا ،عدالت میں مدعی مقدمہ اپنے بیان سے منحرف ہو گیا اورکہا کہ یہ میرے ملزمان نہیں ہیں بری کر دیا جائے تو اعتراض نہیں۔
تاجر کے اغوا میں چار پولیس اہکار نامزد جس میں ملزمان ذیشان حیدر، یاور عباس، فاروق الحسن اور شاہد فاروق شامل ہیں، عدالت نے مدعی کے بیان کو مشکوک قرار دے کر مسترد کر دیا اور مقدمہ کے چشم دید گواہ کا بیان طلب کر لیا۔
سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ چشم دید گواہ بیرون ملک گیا ہوا ہے جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ وزرات خارجہ چشم دید گواہ کا بیان قلمبند کرکے بھیجے، دوسری جانب عدالت نے وزارت خارجہ کو اِس حوالے سے حکم جاری کر دیا۔
واضح رہے ملزمان پر تاجر محمد ندیم کو اغوا کرنے اور 25 لاکھ تاوان وصول کرنے کا الزام ہے، ملزمان کے خلاف تھانہ ہربنس پورہ میں اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج ہوا۔