غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ پر متعدد ملزم گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان ایف آئی اے کے مطابق غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کیخلاف ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد مسافروں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق معمول کی امیگریشن کلیئرنس کے دوران متعدد مشکوک مسافروں کو روکا گیا۔

مسافر راشد ولد نذیر احمد کو عراق سے ڈی پورٹ ہونے پر حراست میں لیا گیا، تلاشی کے دوران اس کا اصل پاسپورٹ برآمد ہوا جس میں متعدد صفحات نکالے گئے تھے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر عاطف رحمان ترکی سے پاکستان پہنچا، ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ وہ ٹرانزٹ ویزا پر ترکی جا کر آٹھ ماہ غیر قانونی طور پر مقیم رہا۔

ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ دیگر مسافروں صدام حسین، رخسار علی اور حماد رفیق کو ترکی سے ڈی پورٹ کیا گیا، یہ مسافر ایران کے راستے غیر قانونی زمینی راستوں سے یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر عمیر خان جرمنی سے پاکستان پہنچا، ابتدائی تفتیش میں اس نے ایران اور ترکی کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کا اعتراف کیا۔

آئی بی ایم ایس ریکارڈ کے مطابق اس کی پاکستان سے قانونی روانگی کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق تمام مسافروں کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لئے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں